بنگلورو۔2؍دسمبر(ایس او نیوز)بنگلور میسور شاہراہ کو چھ لائن شاہراہ کے طور پر ترقی دینے کیلئے 3696 کروڑ روپیوں کی لاگت پر کام شروع کیاجاچکا ہے۔ وزیر برائے تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا نے آج یہ بات ریاستی اسمبلی کو بتائی۔وقفۂ سوالات میں رمیش بنڈی سدے گوڈا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ چار لائن شاہراہ کو چھ لائن شاہراہ میں تبدیل کیاجائے گا۔ مرکزی حکومت کی طرف سے اس پراجکٹ کی منظوری کے فوری بعد اس کے ٹنڈر کا عمل شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ٹنڈر کا عمل مکمل ہوتے ہی اس پر کام تیزی سے شروع کرنے کیلئے ابھی سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس منصوبے کیلئے 448 ہیکٹر زمین درکار ہے۔زمین اکوائر کرنے کیلئے 2200کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اس موقع پر اراکین نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک پر محض شاہراہ تعمیر کرنے کی بجائے سرویس روڈ بھی الگ سے مہیا کرایا جائے۔ اس سے وزیر موصوف نے اتفاق کیا۔